(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نابلس میں ایک ہفتے سے جاری محاصرے کے دوران صہیونی فوج کے ساتھ 200 مقامات پر پُرتشدد تصادم ہوئے ، 87 مقامات پر فائرنگ کی گئی جس میں اب تک چارفلسطینی شہید تین سو سے زائد زخمی اور پندرہ صہیونی فوجی اور آبادکار زخمی ہوچکے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر نابلس میں گذشتہ ایک ہفتے سے صہیونی فورسز کی جانب سے ریاستی دہشتگردی کے نتیجےمیں فلسطینی مجاہد عدی تمیمی کے قتل کے بعد سے جاری پرتشدد مظاہروں اور ہڑتال کے دوران اب تک صہیونی فوج نے چار فلسطینیوں کو شہید اور تین سو سے زائد کو زخمی کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
فلسطینی مزاحمت کار اسرائیل کے لئے سنگین خطرہ، اسرائیلی اسلحہ خانے سے ہزاروں گولیاں اور گولا بارود چرالیا
صہیونی فوج نے گذشتہ روز جنین سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان صلاح عبداللہ برکی کو گولیاں مار کرشہید کردیا جس کے بعد ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے ۔
فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فوج پر پتھراو کیا اور پیٹرول بموں سے حملہ کیا ، 200 سے زائد مقامات پر اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں تین سو سے زائد فلسطینی زخمی اور غیر قانونی آبادکاروں سمیت 15 اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوچکے ہیں۔