(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ عراق میں نئے صدر کے انتخاب سے ملک میں سیاسی استحکام، ملک کی خوش حالی اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے صدر عبداللطیف رشید کو عراقی پارلیمنٹ کا اعتماد جیتنے اور برادر جمہوریہ عراق کے صدر منتخب ہونے کے موقع پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
حماس کے سربراہ نے کہا کہ ان کی جماعت نو منتخب عراقی صدر کو یہ ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ عراق میں نئے صدرکے انتخاب سے ملک میں سیاسی استحکام، ملک کی خوش حالی اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اچھا موقع ہے کہ آپ کے لیے فلسطین اور اس کے منصفانہ کاز کے ساتھ کھڑے ہونے اور فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور ان کے جائز حقوق کی حمایت میں عراق کے باوقار کردار کے لیے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کریں۔