(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کاکہنا ہے کہ صیہونی فوج کا ناجائز قبضہ ناجائز یہودی بستیوں کی توسیع ، فلسطینیوں کے لیے مصائب کی موجودگی میں اس طرح کا مبارکباد کا پیغام فلسطینیوں کی بے توقیری کرنے کے مترادف ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے یہودی کلینڈر کے مطابق نئے عبرانی سال کے موقع پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کی جانب سے صہیونی وزیردفاع بینی گینٹز کو مبارکباد دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ محمود عباس کا تہنیتی پیغام فلسطینی عوام کے خلاف اشتعال انگیزی کے مترادف ہے۔
ترجمان حماس نے کہا صہیونی وزیر دفاع کو سال نو کی مبارک باد دینے کا اہتمام اس کے باوجود کرنا کہ اسی اسرائیل اور اسرائیلی وزیر کی وجہ سے فلسطینی کس قدر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں سخت افسوسناک ہے، ناجائز یہودی بستیوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، مغربی کنارے میں فلسطینیوں کےخلاف مظالم ، گرفتاریوں اور شہادتوں کے علاوہ مسجد اقصیٰ کی توہین کا سلسلہ جاری ہے۔
حازم قاسم نے کہا ‘ قابض فوج کا ناجائز قبضہ اسرائیل کی طرف سے ناجائز یہودی بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کے لیے مصائب کی موجودگی میں اس طرح کا مبارکباد کا پیغام فلسطینیوں کی بے توقیری کرنے کے مترادف ہے۔