(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی وزیراعظم نے ترک صدر سے ملاقات میں اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں تعاون سمیت دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق گذشتہ روز امریکی ریاست نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان اور صہیونی وزیراعظم یائر لیپڈ کی غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
صہیونی ریاست اور ترکی کے درمیان تعلقات بحال، سفارتکاروں کو بھیجنے پر اتفاق
اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپڈ نے ترک صدر سے لاپتہ اسرائیلیوں اور انکی واپسی کا معاملہ اٹھایا اور ایران سے متعلق اسرائیلی حکام کے خوف کا بھی اظہار کیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ملاقات میں اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں تعاون سمیت دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔
خبرایجنسی کے مطابق فلسطین کے معاملے پر دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ تھے۔ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد ترک صدر کی اسرائیلی وزیراعظم سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ یاد رہے کہ ایک ماہ قبل دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔