(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صہیونی ریاست میں کئے جانے والے سروے میں ایک تہائی سے زیادہ صہیونیوں کو یقین ہے کہ اسرائیلی فوج ہمہ وقت کئی محاذوں پر لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل میں "سکیورٹی” صہیونی تحریک کی جانب سے کرائے گئے ایک سروےمیں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک تہائی سے زیادہ صہیونیوں کو یقین ہے کہ اسرائیلی فوج کئی محاذوں پر ہمہ گیر جنگ لڑنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے
صہیونی آبادکار مزاحمت کاروں کے نشانہ پر، ایک اور آبادکار فائرنگ سے زخمی
سروے کے نتائج کے مطابق 32 فیصد صہیونیوں کا خیال ہے کہ ان کی فوج متعدد محاذوں پر جامع جنگ کے لیے مناسب طور پر تیار نہیں ہے، جبکہ اس کے برعکس 50 فیصد کا خیال ہے کہ فوج کی تیاری مناسب ہے۔
مغربی کنارے میں صہیونی فوجیوں اور غیر قانونی آبادکاروں پر فلسطینی مزاحمت کاروں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے تناظر میں کئے جانے والے اسرائیلی فوج کے اقدامات کے حوالے سے 72 فیصد اسرائیلیوں کا خیال ہے کہ فوجیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر زیادہ تیزی سے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کے لیے طریقہ کار کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ سروے "جلمہ” آپریشن کے تناظر میں سامنے آیا ہے جو گذشتہ بدھ کی صبح سویرے جنین کے قریب ہوا تھا، جس میں ایک اسرائیلی افسر مارا گیا تھا، جس نے فلسطینیوں پر گولی چلانے کے اقدامات کے خلاف اسرائیلی رائے عامہ کو مشتعل کیا تھا۔