(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دونوں فلسطینی نوجوانوں کو صہیونی فوج نے شہید کرنے کے بعد روایتی جھوٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور قرار دیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق آج صبح غاصب صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے قریب صہیونی فوجی چوکی پر کفر دان قصبے سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ احمد عابد اور 22 سالہ عبدالرحمن عابد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمراز میں دونوں نوجوانوں کی مشتبہ سرگرمیاں نوٹ کی گئیں جس پر ان کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا تاہم دونوں نوجوانوں نے اسرائیل فوج پر فائرنگ کردی جس کے جواب میں صہیونی فوج کو بھی فائرنگ کرنا پڑی جس میں دونوں شہید ہوگئے ۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دونوں نوجوانوں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں ایک اسرائیلی فوجی افسر بھی جہنم واصل ہوا تاہم اس کی مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں ۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، 2022 کے آغاز سے، اسرائیلی قبضے نے 148 فلسطینیوں کو شہید کیا، جن میں سے 97 کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس اور 51 کا تعلق محصور شہر غزہ سے ہے ۔