(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سابق فوجی افسر جنرل (ر) امجد شعیب کو حکومتی وفد پر فلسطین پر قابض صہیونی ریاست اسرائیلی وفد سے ملاقات کا الزام لگانے پر نوٹس جاری کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کے دوران جنرل شعیب نے اپنے وی لاگ میں حکومتی وفد کی اسرائیلی وفد سے مبینہ ملاقات کے الزام لگایا تھا جس کے خلاف پٹیشن کی سماعت ہوئی۔ عدالتی بنچ نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب سے جواب طلب کرلیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے پیمرا اور پی ٹی اے کے علاوہ وزارت ٹیکنالوجی کو بھی نوٹس ارسال کر دیے۔
یہ بھی پڑھیے
جنسی ہراسگی سمیت بد عنوانی کے الزامات، صہیونی سفیر مراکش سے واپس بلا لیا گیا
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ سوشل میڈیا سے متعلق قوانین ہیں یا نہیں؟۔ اگر نہیں تو عدالت اس پر فیصلہ دے گی۔ جسٹس جواد الحسن نے ریمارکس دیے کہ آزادیٔ اظہارِ رائے اجازت ہے مگر اس کی حدود و قیود ہیں۔
عدالت میں پٹیشن پیپلز لائرز فورم کے رہنما منصور ریاض ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وی لاگر نے حکومتی وفد پر اسرائیلی وفد سے ملاقات کا جھوٹا الزام عائد کیا۔