(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج کے ہاتھوں مسجدالبدر کی بے حرمتی کی ویڈیو وائرل، حماس کا شدید ردعمل، حماس کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے مقدسات کی بے حرمتی ناقابل قبول ہے۔
گذشتہ روز سوشل میڈیا پر مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے جزیرہ نما النقب میں رھط شہر میں واقع مسجد البدر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غاصب صہیونی فوجی مسجد کے اندر جوتوں سمیت کھڑے ہیں اور تلاشی کے نام پر فلسطینی نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی جانب سے صہیونی فوج کے ہاتھوں مسجد البدر کی بے حرمتی پر جاری کردہ بیان میں اشتعال انگیز بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کا یہ اقدام فلسطینی اور مسلمانوں کے ساتھ صہیونیوں کی نفرت کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں مسجد کی مجرمانہ بے حرمتی کے خلاف فلسطینی قوم کی طرف سے احتجاج کرنے اور دنیا بھر میں فلسطینی مساجد کی آئے روز ہونے والی بےحرمتی کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیا۔