(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سوڈان میں بارشوں کا موسم بدستور جاری ہے، جہاں اب تک 80,000 سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں اور 25 اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے سوڈان میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کے لئے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
اسماعیل ھنیہ نے سوڈانی وزیر خارجہ علی الصادق علی سے تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی ہے ۔
واضح رہے کہ سوڈان کے وسطی دارفور، مشرقی دارفور، کسالا، شمالی دارفور، شمالی کورڈوفن، دریائے نیل کے قرب جوار میں شدید بارشیں جاری ہیں جس کے باعث سوڈان میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے ، سیلابی ریلوں میں بہہ کر اور دیگر حادثات کے باعث اب تک 25 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہے جبکہ 80,000 سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔