(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی مسلح اہلکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں میں داخل ہو کر روایتی توڑ پھوڑ کی اورگرفتاریاں کیں جبکہ ایک نوجوان کو بغیر کسی جرم کے گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کیا اورگھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران بغیر کسی جرم کے فلسطینی نوجوان ضرار الکفرینی پر گولیاں چلادیں جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہو گیا بعد ازاں نوجوان کوجنین کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ جان کی بازی ہار گیا۔
یہ بھی پڑھیے
16 سالہ شہید فلسطینی کے جنازے میں متعدد افراد کی شرکت
صہیونی مسلح اہلکاروں نے اس دوران جنین کے مغرب میں یعباد کے قریب واقع قصبے راحہ میں بھی فلسطینی گھروں میں داخل ہو کر روایتی توڑ پھوڑ کی اور خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مزید 3 نوجوانوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے حراست میں لے لیا ۔
مزید اطلاعات کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے جنین پناہ گزین کیمپ سے اسلامی جہاد کے رہنما شیخ بسام السعدی اور ان کے داماد کوبھی ان کے گھروں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا ہے اور تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔