(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی قابض فوج نے رواں سال 2022 کی پہلی ششماہی کے دوران مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سے 76 فلسطینی خواتین کو گرفتار کیاجن میں سے بعض کی عمریں اٹھارہ سال سے بھی کم ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم پر نظر رکھنے والے ادارے فلسطین سینٹر فار پریزنر اسٹڈیز نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قابض صیہونی فورسز فلسطینیوں کو ہر قسم کے مظالم کا نشانہ بنا رہی ہیں ان میں خواتین بھی شامل ہیں جن کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے گرفتاریوں، سمن اور من مانی سزاؤں کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 76 فلسطینی خواتین اور لڑکیوں کی گرفتاریوں کی گئی ہے جس میں نابالغوں، ضعیفوں ، بیماروں اور زخمیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دامون جیل میں مجموعی طورپر 32 فلسطینی خواتین قید ہیں جن میں سے 17 مختلف دورانیے کی سزائیں کاٹ رہی ہیں جبکہ اٹھ خواتین ایسی ہیں جو دس دس سال کی قید کاٹ رہی ہیں ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیگر جیلوں میں قید فلسطینی خواتین ا نتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت قید ہیں جبکہ اکثریت کا ابھی مقدمہ بھی شروع نہیں ہوا ہے ۔
واضح رہے کہ گرفتار خواتین اور لڑکیوں میں بڑی تعداد نابالغ بچیوں اور ضعیف خواتین کی بھی ہے جو اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔