(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) القسام بریگیڈ کی جاری کردہ خبر کے رد عمل میں صہیونی وزیراعظم نے حماس کو ان جنگی قیدیوں کی صورت حال کا مکمل ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل مصر کی ثالثی کے تحت ان کی واپسی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
تفصیلات کےمطابق مقبوضہ فلسطین میں غزہ پر کنٹرول رکھنے والی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بریگیڈز کےزیرحراست صہیونی قیدیوں میں سے ایک کی حالت بگڑ جانے کا اعلان کیا گیا ہےجبکہ مزید تفصیلات کچھ گھنٹوں میں سامنے آنے کی توقع کی جارہی ہے۔
ایک مختصر بیان میں القسام بریگیڈز کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نےواضح کیا ہے کہ دشمن قیدیوں میں سے ایک کی صحت خرابی کی جانب گامزن ہے تاہم قیدی کی شناخت اور اس سے متعلق اطلاعات کا ابھی ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری خبر کے رد عمل میں صہیونی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر نے اپنے بیان میں تحریک حماس کو ان جنگی قیدیوں کی صورت حال کا مکمل ذمہ دار ٹہرایاہےاور کہا ہے کہ اسرائیل مصر کی ثالثی کے تحت ان کی واپسی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب نفتالی بینیٹ نےاپنےوزراء کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ حماس کےقبضے میں صہیونی قیدیوں میں سے کسی ایک کی صحت کے حوالے سے اعلان پر تب تک تبصرہ نہ کریں جب تک معاملہ واضح نہیں ہو جاتا۔