(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ابوحمزہ نے کہا کہ سرایاالقدس کی فوجی مشقیں اسرائیل سے کسی بھی ممکنہ جنگ کے لئے پوری طرح مسلح رہنے کے تناظر میں انجام پائی ہیں اورہم صیہونی دشمن کا پوری بہادری اور طاقت سے مقابلہ کریں گے۔
مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کےخلاف فلسطینی مجاہدین کی تنظیم جہاد اسلامی کے قدس بریگیڈ کے ترجمان ابوحمزہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے ساحلوں پر شروع کی گئی سرایا القدس فوجی مشقیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ہیں جس میں غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
ترجمان ابوحمزہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ فوجی مشقوں میں سیکڑوں مجاہدین نےغزہ کی سطح پر کئی محاذوں پر فوجی کارروائیوں میں حصہ لیا اور فوجی آمادگی اور زمان و مکان کے لحاظ سے اپنی بھرپور فوجی اور دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس سے میدان جنگ میں مجاہدین کی بھرپور صلاحیتوں اوراس میں اضافے کا اندازہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرایاالقدس کی فوجی مشقیں اسرائیل سے کسی بھی ممکنہ جنگ کے لئے پوری طرح مسلح رہنے کے تناظر میں انجام پائی ہیں ان مشقوں کااختتام ملت فلسطین کے جوانوں، ملت مسلمہ اور عرب قوم کے لئے امید کی کرن باقی ہےہم صیہونی دشمن کا پوری بہادری اور طاقت سے مقابلہ کریں گے اور اپنے قیدیوں، اپنے عوام اور مقدس مقامات کی پوری طاقت سے حفاظت کریں گے۔