(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینیوں اور آباد کاروں کے درمیان جھڑپوں نے اس وقت زور پکڑ لیا جب صہیونی فلسطینی علاقے میں پہاڑ پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت صہیونی آباد کاروں کے گروہ کو روکنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں علی حسن حرب کی شہادت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض صہیونی آبادکاروں کی جانب سےشمالی شہر سلفیت میں اسکاکاکے مقام پر 1 فلسطینی پر اس وقت چاقوؤں سے وار کرکے شدید زخمی کر دیا گیا جب وہ اپنی زمین سے صہیونی آبادکاروں کو نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔
فلسطینی و صہیونی آبادکاروں کے درمیان اراضی پر قبضے کے خلاف جھڑپوں کے دوران آبادکاروں نے 27 سالہ علی حسن حرب کے سینے پر چاقو سے وار کیے جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان بری طرح زخمی ہوگیا دریں اثناءجھڑپوں میں شریک فلسطینی نوجوانوں کو خبر ملتے ہی زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے علی حسن حرب خالق حقیقی سے جا ملا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے علی حسن حرب کی شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے البتہ ہسپتال کے باہر بڑی تعداد میں مشتعل فلسطینی شہری اسرائیلی غیر قانونی آبادکاری اور کھلے عام صہیونی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں، قابض افواج اور غیر قانونی آباد کاروں کے فلسطینی عوام کے خلاف مجرمانہ حملوں میں شدت آگئی ہے جس کے باعث اس سال کے آغاز سے اب تک 70 فلسطینی شہری شہید کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطینیوں اور آباد کاروں کے درمیان جھڑپوں نے اس وقت زور پکڑ لیا جب صہیونی انتہا پسنداسکاکا میں فلسطینی علاقے میں پہاڑ پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت صہیونی آباد کاروں کے گروہ کو روکنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں علی حسن حرب کی شہادت ہوئی۔