(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غاصب صہیونی فوج کی دہشتگردانہ کارروائی کے نتیجے میں ان شہادتوں پر بڑی تعداد میں فلسطینیوں کاہسپتال کے باہر اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔
مقامی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قابض صہیونی فورسز کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں علی الصبح فائرنگ کا واقعہ ہوا جس میں تین فلسطینی شہریوں کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔
صہیونی فوج نے مغربی کنارے میں جنین کی ایک چیک پوسٹ پرکھڑی گاڑی پرفائرنگ کردی جس میں موجود 3 فلسطینی موقع پرہی شہید ہو گئے جن کے نام يوسف صلاح، ليث ابو سروراور براء لحلوح ہیں، جبکہ گاڑی میں موجود دیگر 8 افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے ہیں، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
غاصب صہیونی فوج کی اس دہشتگردانہ کارروائی کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کے جسد خاکی ہسپتال سے گھروں کو منتقل کرنے کیلیے فلسطینیوں کی بڑی تعدادہسپتال کے بیرونی دروازے پرجمع ہےاور یہ جلوس اسرائیلی بر بریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہا ہے۔
واضح رہے کہ قابض صہیونی فوجیوں کی فلسطینیوں کو ہراساں کر نے کی انتقامی کارروائیوں میں اضافے کے بعد فلسطینی مزاحمت کی جانب سے بھی جوابی حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہےاور ایک روز قبل فلسطینی استقامتی گروہوں نے اسرائیل کو خبر دار کیا ہے۔