(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) بھاری ہتھیاروں سے لیس صہیونی فورسز نےمختلف فلسطینی علاقوں سے کم سے کم 22 کے قریب شہریوں کو گھروں سے اغوا کر کے نامعلوم تفتیشی مقامات پر منتقل کر دیا ہے اس کے ساتھ ساتھ متعدد افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بناکر ان کے گھروں میں لوٹ مار کی ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نےفلسطینی علاقہ رام اللہ اور البیرہ اضلاع میں متعدد چھاپوں کے دوران بغیر کسی جرم کے چار فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیاجبکہ نابلس میں شہر کے مشرق میں واقع بلاتہ پناہ گزین کیمپ میں گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنے کے بعد دو رہائشیوں کو حراست میں لے لیا۔
قابض فوج نے تلاشی کےدوران شہر کے جنوب مشرق میں واقع روجیب قصبے میں ایک سابق فلسطینی قیدی کو بھی دوبارہ گرفتار کر لیا اور بیت دجن سے ایک شخص کو گرفتار کیا، جنین میں صہیونی فوج نے شہر کے مغرب میں واقع یعبد قصبے پر دھاوابول دیا جہاں فوجیوں نے ایک اورفلسطینی کے گھر میں داخل ہوکر اسے گرفتار کیا اور اس کے گھر میں روایتی توڑ پھوڑ کے ذریعے املاک کو نقصان پہنچایا۔
بھاری ہتھیاروں سے لیس صہیونی فورسز نے جنین شہر کے علاوہ شمالی مغربی کنارے میں طولکرم سے ایک سابق قیدی کو گرفتار کیا، بیت فجر سے دو جبکہ الخلیل کے جنوب میں الفوار پناہ گزین کیمپ سے دو فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے کرنامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ وادی اردن میں طوباس شہر کے مشرق میں، تیسر چوکی پر بھی قابض صہیونی فوج نے روکے جانے کے بعد، ایک 16 سالہ نوجوان ایاد النضر سمیت دو دیگرفلسطینی شہریوں کو بغیر کسی جرم کے گرفتاریاں کیں۔