(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پرلاٹھیوں اور بندوق کے بٹوں سے تشدد کیا جس کے نتیجے میں انہیں گہری چوٹیں آئیں اور وہ اپنا دفاع کر نے کے قابل نہ رہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج اور انتہا پسند صہیونی آبادکاروں کی جانب سے فلیگ مارچ کی آڑ میں بیت المقدس کی ہر گلی کوچے میں خاص طور پر مسجد اقصی ٰکے اطراف میں فلسطینی شہریوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیاگیا اور ایک ہی روز میں 80 سے زائد نہتے شہریوں کو اقصیٰ مسجد سے تعلق کی پاداش میں زخمی کر دیا ۔
اس موقع پر فلسطینی ہلال احمر کے کارکنان نے بتایا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں 62 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 28 کو علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیاالبتہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کے بعد ہلال احمر کی جانب سے نالصوانہ محلے میں ایمبولینس سنٹر میں فیلڈ ہسپتال کھولنے کا اعلان کیا اور زخمیوں کو جلد اور فوری طبی امداد دی۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پرلاٹھیوں اور بندوق کے بٹوں سے تشدد کیا جس کے نتیجے میں انہیں گہری چوٹیں آئیں اور وہ اپنا دفاع کر نے کے قابل نہ رہے، فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے ربرکے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں بھی برسائی گئیں جس سے کئی افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے۔