(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فوج کی گولیاں15 سالہ فلسطینی بچے کی گردن اور کمر میں لگیں جس کے بعد ہسپتال پہنچنے تک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بچہ شہید ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے میں تاریخی شہر بیت الحم میں قابض صہیونی فوج نے اپنی گولیوں کا نشانہ بناکرایک اور بے گناہ فلسطینی بچے کی زندگی چھین لی۔
صہیونی فوج نے بلا جواز فلسطینی علاقے میں طوفان برپا کردیااور اس حملے کے نتیجے میں زید سعید محمد غنیم نامی 15 سالہ فلسطینی بچہ گردن اور کمر میں گولی لگنے کے بعد ہسپتال پہنچنے تک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
قابض صہیونی اہلکاروں نے فلسطینی الخضر میونسپلٹی میں شہریوں پر دھاوا بول دیا اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نوجوانوں کی جانب سے بھی فوج پر سنگ باری کی گئی، قابض مسلح اہلکاروں نے براہ راست فلسطینیوں پر گولیاں چلانا شروع کیں اور طاقت کا بدترین استعمال کیا جس کے باعث یہ واقعہ رونما ہوا۔