(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترک وزیرخارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی اور فلسطینی صدر کو یقین دہانی کروائی کہ قابض اسرائیل کے ساتھ ترکی کے بڑھتے تعلقات سے فلسطینیوں کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کی جاری رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز ترکی کے وزیر خارجہ میولوٹ کاوسوگلو نےقابض ریاست اسرائیل کےساتھ فلسطینی امداد کے سلسلے میں شروع ہو نے والے تنازعے کےخاتمے پر15 سال بعد ناجائز ریاست اسرائیل کا دورہ کیااور صہیونی وزیرخارجہ یائر لیپد سے ملاقات کی۔
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے درمیان سیاسی و سفارتی دو طرفہ تعلقات کی بہتری سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔
رپورٹ کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی اور فلسطینی صدر کو یقین دہانی کروائی کہ قابض اسرائیل کے ساتھ ترکی کے بڑھتے تعلقات سے فلسطینیوں کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
اس موقع پر ترک وزیر خارجہ میولوٹ کاوسوگلو نے کہا کہ ہم القدس اور مسجد اقصیٰ سے متعلق فکرمند ہیں اور توقع کر تے ہیں کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر آگئے تو اس کا مثبت اثر فلسطینی سر زمین پر ہوگا۔
ترک وزیر خارجہ نے مسجدِ اقصیٰ اور بیت المقدس کے پرانے علاقوں کا بھی دورہ کیااور اسرائیل میں رہائش پذیر ترک شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ترکی کی اسرائیل کےساتھ مستقبل میں تعلقات معمول پر لانے کےدونوں ملکوں پر پڑنے والے مثبت نتائج پر روشنی ڈالی۔