سرایا القدس کا دعویٰ: غزہ میں درجنوں قابض فوجی گاڑیاں تباہ
سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی غزہ سے اسرائیلی فوج کے جزوی انخلا کے بعد مجاہدین نے پہلے سے نصب بارودی سرنگوں سے 52 سے زائد بکتربند و فوجی گاڑیاں تباہ کر دیں۔
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے مشرقی غزہ کے علاقوں سے قابض اسرائیلی فوج کے جزوی انخلا کے بعد پہلے سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں سے باون سے زائد بکتربند اور دیگر فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔
سرایا القدس کے ایک فیلڈ کمانڈر کے مطابق الشجاعیہ، التفاح اور الزیتون کے علاقوں میں "ثاقب” اور "زلزال” جیسی بارودی سرنگوں اور راکٹ گرینیڈ حملوں کے ذریعے ان گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ قابض اسرائیل کے چھوڑے گئے بموں کو بھی ریورس انجینئرنگ کے ذریعے مؤثر بارودی مواد میں تبدیل کر کے استعمال کیا گیا۔
کمانڈر نے کہا کہ مجاہدین نے کارروائیوں کے مقامات کا معائنہ کیا جہاں تباہ شدہ بکتربند گاڑیوں کے ملبے اور کھدائی کے نشانات دیکھے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی کارروائیوں کی خبریں جاری نہیں کی جا سکیں کیونکہ ان مقامات تک رسائی اور تصویری شواہد حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ گھروں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، لیکن میدان میں حاصل ہونے والے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ دشمن کو مشرقی غزہ میں داخلے کے دوران شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وسائل میں فرق اور جنگ کی غیر مساوی نوعیت کے باوجود مزاحمت قابض فوج کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔