(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صہیونی حکومت کا مذہبی انتہا پسندی اور نسلی تعصب پر مبنی انتہائی قدم،غیر یہودیوں کے قتل عام کو جائز قرار دینے والے یہودی ربی کو اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی حکومت مذہبی انتہا پسندی اور تعصب کی لپیٹ میں آکر مسلمان دشمنی میں تمام حدیں عبور کرنے کو تیا ر ہے۔گزشتہ روز بھی ایک ایسی ہی مثال سامنے آئی جب اسرائیلی حکومت نے اسلامو فوبیا میں مبتلا انتہاپسند یہودی ربی کو اعلی اسرائیلی اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کرلیا۔
عبرانی اخبار ہارطیز کے مطابق اسرائیلی وزیر تعلیم رفی پرطیز اور وزیر برائے نقل وحمل بیزالیل بدنام زمانہ یہودی ربی یزچاک گنسبرگ کو اعلی ترین اعزاز سے نوازیں گے۔یہودی ربی کو اعزاز سے نوازنے کی تقریب جمعرات کو منعقد ہوگی جس سے یہ دونوں وزرا بھی خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ مذکورہ یہودی ربی نے 1994 میں الخلیل میں ہونے والے فلسطینیوں کے بہیمانہ قتل عام کی حمایت کی تھی اور اس پر برملا خوشی کا اظہار بھی کیا تھا۔یہ ربی غیریہودیوں بلخصوص مسلمانوں کے حوالے سے اپنے متعصبانہ خیالات اور تنگ نظری کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں اور متعدد دفعہ غیر یہودیوں کے قتل عام کو جائز قرار دی چکے ہیں۔