غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کے فضائی حملے جاری ہیں. منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسرائیلی فضائیہ کے "ایف سولہ "طیاروں نے شہر میں متعدد مقامات پر بمباری کی، جس سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہو سکی. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج کے طیاروں نے غزہ میں النصیرات کے مقام پر ایک پولیس اسٹیشن پر بمباری کی، جس سے پولیس اسٹیشن کو بری طرح نقصان پہنچا ہے تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا. ادھر غزہ کے مشرقی شہر خان یونس میں جہاد اسلامی کے ملٹری ونگ القدس بریگیڈ کے مرکز پر بھی بمباری کی گئی ہے جس سے تنظیم کا دفتر مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے، تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی. فلسطینی ایمرجنسی ومیڈیکل سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلیمہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج کے طیاروں نے رات گئے کئی مقامات پر بمباری کی ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی. بمباری کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں.