قابض اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں نے دو الگ الگ واقعات میں فلسطینیوں کی مجموعی طور پر دو سو ایکڑ کے لگ بھگ زرعی اراضی پر بزور قوت قبضہ کر لیا ہے. اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی 120 ایکڑ زرعی زمین پر قبضہ کر لیا جب ایک بیت المقدس میں صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی 80 ایکڑ اراضی قبضے میں لے لی ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کے روز فلسطینی شہر الخلیل میں "یطا” کے مقام پر درجنوں مسلح یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے زیر کاشت رقبے پر حملہ کر کے وہاں کام کرنے والے کسانوں اور مالکان کو زد و کوب کیا اور انہیں وہاں سے نکال دیا گیا.یہودی آبادکاروں نے دھمکی دی کہ اگر انہوں نے دوبارہ اس علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں گولی مار دی جائے گی. عینی شاہدین کے مطابق قابض یہودی ایک مقامی یہودی کالونی "سویسا” سے آئے تھے اور انہیں اس کارروائی میں صہیونی فوج اور پولیس کی مدد بھی حاصل تھی. ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی فوجیوں نے فلسطینیوں کی ملکیتی 80 ایکڑ اراضی کو قبضے میں لیتے ہوئے فلسطینیوں کو اس میں کسی قسم کی مداخلت سے سختی سے منع کر دیا ہے.مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آبادکاروں کا کہنا ہے کہ وہ بیت المقدس کے قریب ان علاقوں میں سڑکیں اور دیگر تعمیرات کرنا چاہتے ہیں اس لیے اس جگہ پر قبضہ کیا گیا ہے.