ترکی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ امدادی ادارے "آئی ایچ ایچ”نے اسرائیلی حکومت کے زیراہتمام گذشتہ برس فریڈم فلوٹیلا پر حملے کی تحقیقات سے متعلق "ٹیرکل” کمیٹی کی رپورٹ مسترد کر دی ہے. آئی ایچ ایچ کے سربراہ بلند یلدرم نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی فریڈم فلوٹیلا 2 لے کر غزہ کی پٹی کی جانب روانہ ہوں گے. مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق استنبول میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلند یلدرم نے کہا کہ جس طرح اسرائیل کا فریڈم فلوٹیلا پر حملے کا کوئی جواز نہیں تھا اور صرف جھوٹ کی بنیاد پر ترک امدادی جہاز پر حملہ کیا گیا، اسی طرح اسرائیل کی جاری کردہ تحقیقات رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہےاور صہیونی حکومت دانستہ طور پراپنے اس جنگی جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے. انہوں نے کہا کہ ہمیں اسرائیل کے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن سے اس لیے بھی توقع نہیں تھی کہ ماضی میں اسرائیلی فوج کے جرائم پر جب بھی کوئی تحقیقات کی گئیں تو صہیونی حکومت نے فوج کو بچانے کی کوشش کی.اس کا نتیجہ ہمیشہ یہ رہا کہ فوج جنگی جرائم کرتی رہی اور اسرائیلی حکومتیں اس طرح کی نام نہاد کمیٹیاں قائم کر کے ان کے فیصلوں کے ذریعے صہیونی فوج کی جنگی جرائم میں حوصلہ افزائی کرتی رہی ہیں. ایک سوال کے جواب میں بلند یلدرم نے کہا کہ وہ امدادی سامان جمع کر رہے ہیں اور اس سال بھی امدادی جہاز لے کر غزہ جائیں گے. ترک سماجی رہ نما کا کہنا تھا کہ انہیں صہیونی جارحیت سے کوئی خوف نہیں وہ اہل غزہ کی مشکلات کو حل کرنے کی کوششیں اور ان کی مدد جاری رکھیں گے.