فلسطین کے مقبوضہ علاقے مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کے اور فلسطینی انتظامیہ کے زیراہتمام چلنے والے تمام نشریاتی اورخبررساں ادارے قطری ٹی وی الجزیرہ کے خلاف زہرآلود پروپیگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہیں. دوسری جانب فلسطینی سیاسی جماعتوں نے سرکاری میڈیا کی بےجا تنقید کی شدید مذمت کی ہے.
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی ترجمان سمجھی جانے والی خبررساں ایجنسی "معا” اور کئی ریڈیو ،ٹی وی چینل اور اخبارات مسلسل الجزیرہ کےخلاف فلسطینی اتھارٹی کے راز اچھالنے کے الزام میں زہر اُگل رہے ہیں.
ٹی وی چینلوں اور ریڈیو پروگرامات میں قطری حکومت اور الجزیرہ ٹی وی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں”خائن” اور”بدیانت” جیسے بھونڈے القابات دیے جا رہے ہیں.
دوسری جانب فلسطینی سیاسی و عسکری جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس”، جہاد اسلامی، ڈیموکریٹ فرنٹ برائے آزادی فلسطین اور دیگر نے فلسطینی سرکاری میڈیا کے منفی کردار پر سخت نکتہ چینی کی ہے. مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماٶں کا کہنا ہے کہ الجزیرہ کاصرف یہ قصور ہے کہ اس نے اوسلو اتھارٹی کے اسرائیل کے ساتھ فلسطینیوں کےخلاف خفیہ معاہدوں کو بے نقاب کیا ہے اور فلسطینی اتھارٹی بے نقاب ہونے کے بعد دلیل سے جواب دینے کے بجائے الزام تراشی اور تشدد پر اترآئی ہے.