(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں اور انہیں دوران حراست وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا عمل جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کوعباس ملیشیا کے غنڈوں نے غرب اردن میں تلاشی کی کارروائیوں میں جامعات کےطلباء اور سابق اسیران سمیت کم سے کم پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے زیرانتظام امامہ مرکز نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نابلس میں عباس ملیشیا نے تلاشی کے دوران بیرزیت یونیورسٹی کے طالب علم عاصم العبد کو حراست میں لے لیا۔
ادھر الخلیل شہر میں سیاسی بنیادوں پر کیے گئے کریک ڈاؤن کےدوران جامعہ الخلیل کے طالب علم عونی الخضور کو حراست میں لے لیا۔ عونی کو اسرائیلی جیل سے رہا ہوئی صرف دو ہفتے ہوئے تھے۔
ادھر الخلیل میں صوریف کے مقام پر عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے سابق اسیر محمد علی غنیمات، ولید محمود الھور اور بیت لحم سے سابق اسیر معتصم جبر کو حراست میں لے لیا۔ان تمام شہریوں کی گرفتاریاں محض سیاسی بنیادوں پر عمل میں لائی گئی ہیں۔