رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک اسلحہ ساز فیکٹری بند کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ادھر دوسری جانب غرب اردن اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کو اسرائیلی فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس سے چار فلسطینیوں کوحراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں تین سیکیورٹی اداروں کو مزاحمتی سرگرمیوں میں مطلوب تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی شہری کو غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے صانور قصبے سے حراست میں لے لیا، جب کہ ایک فلسطینی کی گرفتاری مغربی رام اللہ کے نعلین قصبے سے عمل میں لائی گئی ہے۔ ایک فلسطینی شہری بیت المقدس کے قلندیا پناہ گزین کیمپ سے گرفتار کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری پکڑنے کے بعد اسے سیل کردیا ہے۔ صہیونی فوج کے مطابق پکڑی گئی فیکٹری سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ادھر قدس پریس کے مطابق صہیونی فوج نے سابق اسیر رافت الشرباتی کو حراست میں لینے کے بعد دوبارہ جیل میں ڈال دیا ہے۔ الشرباتی کو کل اتوار کے روز رہا کیا گیا تھا۔ آج صبح اسے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔