(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے ایک انہدامی کارروائی کے دوران شہر کے جنوبی قصبے صور باھر میں ایک فلسطینی خاندان کا مکان مسمار کرکے کئی بچوں اور خواتین سمیت اور متعدد افراد کو مکان کی چھت سے محروم کردیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے صور باھر قصبے کی وادی الحمص کالونی میں منگل کو علی الصباح ایک زیرتعمیر مکان کا محاصرہ کیا ۔ بعد ازاں بلڈوزر کی مدد سے مکان کو مسمار کردیا گیا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ چار منزل زیرتعمیر مکان فلسطینی شہری عیسیٰ ربایعہ کی ملکیت تھا جس کی دو منزلیں مکمل ہوچکی ہیں جب کہ آخری دو منزلوں کی تعمیر کا کام جاری تھا۔صہیونی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ عیسیٰ الربایعہ کا یہ مکان اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیاتھا جس کی مسماری کے لیے ایک ماہ قبل نوٹس جاری کیاگیا تھا۔
ادھر اسرائیلی فورسز نے بیت المقدس میں محمد عمیرہ نامی شہری کے مکان کی مسماری کی کارروائی چار جنوری 2016 ء تک روک دی گئی ہے۔ محمد عمیرہ کی جانب سے اسرائیلی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دی گئی تھی جس میں مکان کی مسماری کے لیے جاری کردہ اسرائیلی نوٹس کو چیلنج کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بیت المقدس میں فلسطینیوں کے 20 ہزار مکانات کو منہدم کرنےکی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ صہیونی حکومت ایک منظم حکمت عملی کے تحت بیت المقدس کے باشندوں کے مکانات مسمار کرکے ان پر عرصہ حیات تنگ کررہی ہے۔ فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کے لیے بہانہ یہ تراشا جاتا ہے کہ یہ تعمیرات اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر کی گئی ہیں۔