رپورٹ کےمطابق مشرقی بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے یہودی فوجیوں پر اس وقت سنگ باری کی گئی جب ابو دیس قصبے میں نکالی گئی ایک ریلی پر قابض فوجیوں نے حملہ کردیا تھا۔
ایک دوسرے واقعے میں مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں کریات اربع کالونی میں سنگ باری سے ایک اسرائیلی پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کو مغربی کنارے کے جنوبی شہرالخلیل میں ایک گاڑی کی ٹکر سے تین یہودی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ تینوں زخمی فوجیوں کو ڈیوڑ کریسنٹ کی ایمبولینس کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے حوارہ کے مقام پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اتوار کو مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی فوجیوں پر چاقو کے دو حملے کیے گئے۔ ایک حملہ بیت المقدس میں کیا گیا جس میں ایک یہودی فوجی زخمی ہوا۔ قابض فوجیوں نے جوابی کارروائی میں فلسطینی کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔ بعد ازاں اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
چاقو سے دوسرا حملہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں کیا گیا جس میں دو یہودی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس حملے میں دو فلسطینی لڑکوں کو گولیاں ماری گئیں۔ ایک کی شناخت 17 سالہ رفیق حسین سباعنہ اور دوسرے کی نور الدین محمد سباعنہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 23 سال بتائی جاتی ہے۔
ادھر الخلیل سے اسرائیلی فوجیوں نے مسجد ابراہیمی کے قریب سے دو خواتین کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر یہودی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا کا الزام عائد کیا گیا ہے۔