رپورٹ کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر کے بعد مختلف کارروائیوں کے دوران شہید کیے گئے فلسطینیوں میں سے 12 کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق 12 شہداء میں سے 4 کا تعلق بیت المقدس سے جب کہ دیگر کا تعلق مغربی کنارے کے شہروں طولکرم، رام اللہ اور الخلیل سے بتایا گیا ہے۔
القدس مرکز برائے قانونی معاونت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ان شہداء کی شناخت بھی ظاہر کی گئی ہے جن کے جسد خاکی قابض فوج نے ورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں احمد جحاجحہ، غسان حماد، عیسیٰ عساف، وسام ابو غویلہ، عزالدین رایق رداد، سلیمان عادل شاھین، محمد منیر صالح عارورہ، فادی ، شادی خصیب، انس حماد، محمد عیاد اور حکمت حمدان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی فوج نے مختلف کارروائیوں کے دوران 140 فلسطینی شہریوں شہید کیا۔ شہید کیے گئے 65 فلسطینیوں کے جسد خاکی صہیونی فوج نے قبضے میں لے لیے تھے۔ ان میں سے کچھ شہداء کے جسد خاکی پہلے ہی واپس کردیے تھے جب کہ 12 شہداء کے جسد خاکی اگلے چند گھنٹے میں ان کے لواحقین کےحوالے کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود اسرائیلی فوج کے قبضے میں 35 فلسطینی شہداء کے جسد خاکی ہنوز موجود ہیں۔