نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) منگل کو علی الصباح دسیوں صہیونی آباد کار مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں عورتا کے مقام پر موجود تاریخی مزارات اور مقدس مقامات میں داخل ہوکر مقدس مقامات کی بے حرمتی کے مرتکب ہوئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں جنوب مشرقی نابلس میں عورتا کے مقام پر درجنوں صہیونی آباد کاروں نے اسلامی مقامات کی بے حرمتی کی۔ تاریخی مزارات میں داخل ہونے کے بعد تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کی گئیں اور فلسطینیوں کو اشتعال دلانے کی کوششیں کی گئیں۔مقامی فلسطینی سماجی کارکن علی لولح نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی سیکیورٹی میں منگل کو علی الصباح اور سوموار اور منگل کی درمیانی شب درجنوں صہیونی آباد کار تاریخی مقدس مقامات میں داخل ہوئے۔ یہ یہودی قریب ہی واقع ’ایتمار‘ صہیونی کالونی سے وہاں تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے وہاں آئے۔
خیال رہے کہ عورتا کے مقام پر تین مقدس مقامات واقع ہیں۔ یہ تینوں ممالیک کے دور میں تعمیر کیے گئے جن میں اولیائے کرام کے مزارات بھی شامل ہیں۔ مگر صہیونی ریاست نے ان مقدس مقامات کو یہودیانے کے بعد انہیں عبرانی نام دیے ہیں اور یہودیوں کو وہاں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جاتی ہے۔