رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں صہیونی فوج کی دہشت گردی میں شہید ہونے والے 22 سالہ ھانی رفیق فدان کو مشرقی علاقے الشجاعیہ میں سپردک خاک کیا گیا۔ اس کی نماز جنازہ الشجاعیہ کی مرکزی شاہراہ پرادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق قابض فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے جمعہ کی شام بائیس سالہ ھانی رفیق جام شہادت نوش کرگیا تھا۔
ادھر رام اللہ میں شہید ہونے والی فلسطینی خاتون مہدیہ حماد کو بھی ہفتے کے روز سپرد خاک کردیا گیا۔ مہدیہ کو اسرائیلی فوجیوں نے وسطی مغربی کنارے کے رام اللہ شہر میں سلواد کے مقام پر فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ مہدیہ حماد کی نماز جنازہ رام اللہ میں میڈیکل کمپلیکس کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ نماز جنازہ کے شرکاء نے صہیونی فوجیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس کے بعد جنازے کا جلوس ایک احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگیا۔