نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی غرب اردن میں شہید ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح کو غرب اردن کے شہر نابلس میں اس فلسطینی نوجوان پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگیا۔صیہونی فوجیوں نے ایک اور فلسطینی جوان کو زخمی بھی کردیا۔ صیہونی فوجیوں کے بدھ کے روز کے حملے میں غرب اردن اور بیت المقدس سے پندرہ فلسیطنیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
صیہونی عناصر اپنے توسیع پسندانہ اہداف کے حصول کے لئے ہمیشہ فلسطینی عوام خاص طور پر عورتوں اور بچوں پر حملے کرتے ہیں – ان حملوں میں ، جو پندرہ اکتوبر دوہزار پندرہ سے شروع ہوئے ہیں اور تحریک انتفاضہ قدس کا باعث بنے ہیں، اب تک دوسو ساٹھ سے زائد فلسطینی، منجملہ عورتیں اور بچے شہید اور بڑی تعداد میں زخمی یا گرفتار کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب صیہونی آباد کاروں نے ایک بار پھر صیہونی فوجیوں کی حمایت سے مسجدالاقصی پر حملہ کیا ہے۔ مسجدالاقصی پر صیہونیوں نے بارہا حملے کئے ہیں۔
