(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں دورا کے مقام پر واقع فلسطینی اسیر محمد عبد المجید ابریویش کا مکان مسمار کر ڈالا۔
اسیر فلسطینی پر الزام ہے کہ اس نے چند ماہ قبل عتنائیل یہودی کالونی میں ہونے والے ایک فدائی حملے میں حملہ آور القسام کارکن محمد الفقیہ شہید کو کارروائی میں سہولت فراہم کی تھی۔ اسے فدائی حملے کے سہولت کار کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ اس حملے میں تین یہودی آباد کار ہلاک ہو گئے تھے جب کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حملہ آور بھی شہید ہو گیا تھا۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے منگل کو الخلیل شہر کے دورا قصبے کا محاصرہ کیا۔ بعد ازاں قصبے کے شمال مشرق میں واقع غنیم کالونی میں موجود فلسطینی اسیر عبدالمجید کے مکان کو بلڈوزروں کی مدد سے گرا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مکان کی مسماری سے قبل اسرائیلی فوج کا ایک انجینیر گھر میں داخل ہوا اور وہاں پر موجود اہل خانہ کو فوری طور پرمکان خالی کرنے کا حکم دیا۔ صہیونی فوجی افسر نے اہل خانہ سے کہا کہ وہ گھر کو خالی کر دیں ورنہ اسے دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔
اہل خانہ نے چار و ناچار گھر خالی کر دیا جس کے بعد قابض فوجیوں نے بلڈوزروں کی مدد سے مکان کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج ابریوش کے مکان کو مسماری کا نوٹس جاری کر چکی تھی مگر فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی انتظامیہ کا نوٹس صہیونی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے فلسطینیوں کی اپیل مسترد کرتے ہوئے مکان مسماری کا حکم برقرار رکھا جس کے بعد کل ایک منزلہ مکان کو گرا دیا گیا۔
