(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں فلسطینی شہریوں کے ملکیتی مزید چھ مکانات کی مسماری کے نوٹس جاری کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز جاری کردہ نوٹسز میں بیت المقدس کے جنوب مشرقی علاقے’’جبل المکبر‘‘ میں واقع چھ مکانات کی مسماری کا حکم دیا گیا ہے۔مقامی شہری شادی علیان نے رپورٹر کو بتایا کہ جمعرات کو اسرائیلی بلدیہ کے اہلکاروں کی موجودگی میں صہیونی فوجیوں کے ایک گروپ نے جبل مکبر میں فلسطینی شہریوں کےگھروں پر چھاپے مارے۔ اس موقع پر دو فلسطینی شہیدوں بہاء علیان اور علاء ابو جمل کے مکانات کے قریب واقع فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرنے کا حکم دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مسماری کے نوٹس ان مکانات کے مالکان کو جاری کیے گئےہیں جنہیں بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا ہے۔
شادی علیان کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے چند ہفتے قبل غسان ابو جمل، محمد جعابیص کے مکانات مسمار کردیے تھے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے 20 ہزار مکانات کی مسماری کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے سے صہیونی فوج نے بیت المقدس میں فلسطینیوں کے دسیوں گھروں کومسمار کیا جا چکا ہے۔