دیر البلح – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسیران کے قومی دن کی مناسبت سے اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی شہریوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی ضمن میں گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے علاقے دیر البلح میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حقوق اسیران کے لیے سرگرم تنظیم ’واعد‘ اوراسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے زیراہتمام انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنا کر صہیونی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پربچوں اور ہرطبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں اسیران کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ انہوں نے اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے بازےبھی کی۔
’واعد‘ کے رکن اور سابق اسیر سلیمان ابو شماس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برسوں میں صرف 17 اپریل کو یوم اسیر منایا جاتا تھا مگر اس بار خلاف معمول اپریل کا پورا مہینہ فلسطینی اسیران کے ساتھ یکجہتی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور دیگر تقریبات سے دنیا کی توجہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی شہریوں اور ان کے حقوق کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔