البیرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے تازہ آپریشن کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کوحراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والے شہریوں میں بیت المقدس سے بے دخل کیے فلسطینی رکن پارلیمنٹ احمد عطون اوراسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہنما فائز ابو وردہ بھی شامل ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ احمد فائز ابو وردہ اور احمد عطون کو غرب اردن کے وسطی علاقے رام اللہ کے قریب البیرہ قصبے سے حراست میں لیا گیا۔ ادھر صہیونی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم سے امیر محمد زعول اوربشار جمال سباتین کو حوسان قصبے سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس سے مصطفیٰ ابو ارمیلہ، احمد جودہ، صبیح ابو صبیح، نور الشبلی، جہاد قوس، روحی کلغاصی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر طوباس سے 32 سالہ معن فقہا کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ محمد معن فقہا شہید مازن فقہا کے بھائی ہیں۔ اسی دوران الخلیل شہر سے 20 سالہ معتصم سمر بریغیث کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے نواحی علاقے البیرہ میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ اس دوران حماس رہنما فائز ابو وردہ اور رکن پارلیمان احمد عطون کو ان کے گھروں سے گرفتار کرلیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ابو وردہ کو البیرہ کی الجنان کالونی سے حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے بعد ابو وردہ اور احمد عطون کو نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کو صہیونی فوج نے ماضی میں بھی کئی بار حراست میں لے کرانہیں جیلوں میں ڈالا۔