الفا ظ کا وقت گذر چکا ہے ،ساری دنیا میں حکومتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنے تمام پر امن اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اسرائیل کو اس بات پر مجبور کریں کہ غزہ کا محاصرہ ختم کیا جائے ان کاروائیوں میں اقتصادی پابندیاں،ثقافتی بائیکاٹ،اور سفارتی تعلقات ختم کرنے سمیت سفیروں کو واپس بلانے جیسے اقدامات کئے جائیں۔پاکستان کے ایوانوں میں غزہ کے محاصرے کے خاتمہ کے لئے قرار داد منظور کی جائے۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں مظفر
احمد ہاشمی(سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی)،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی(مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان )،علماہ عقیل انجم(مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان)،مولانا صادق رضا تقوی(رہنما مجلس
وحدت مسلمین )اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کاکہنا تھا کہ گذشتہ چار برس یعنی جون ٢٠٠٧ء سے فلسطین کا ایک علاقہ غزہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے محاصرے میں ہے صرف محاصرہ ہی نہیں بلکہ معاشی،سیاسی،سفارتی اور ثقافتی محاصرہ کیا گیاہے جس کے نتیجہ میں غزہ کے 1.5ملین انسانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ایسے وقت میں ضروری ہے کہ صرف مسلم امہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو غزہ کے محصورین کی امداد اور اس غیر قانونی و غیر انسانی محاصرے کے خلاف سراپا احتجاج بن جانا چائیے ۔
ان کاکہنا تھا کہ بحیثیت پاکستانی ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے سیاسی،سفارتی،معاشی و سماجی مسائل کا حل صرف اور صرف مسئلہ فلسطین کے حل میں ہی پنہاں ہے،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ فلسطین کا دفاع در اصل پاکستان کا دفاع ہے لہذٰا پاکستان کا ایک شہری ہونے کی حیثیت سے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ دفاع فلسطین کے لئے اپنے آ پ کو پیش کرے۔
ان کاکہنا تھا کہ حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ فلسطین کے عنوان اور بلخصوص غزہ کے چار سالہ غیر قانونی و غیر انسانی محاصرے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے اور پاکستان کے ایوانوں میں اس حوالے سے قرار داد منظور کی جائے ۔
انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کے ایوان بالا ”سینیٹ” میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست کونسل کے رکن حاجی محمد عدیل خان نے غزہ کے حوالے سے ایک قرار داد جمع کروا دی ہے جس پر تاحال بات چیت عمل میں نہیں آئی ہے ،لہذٰا ہم پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی و لسانی اکائیوں سے اپیل کرتے ہیں اور سینیٹ کے ممبران سے بھی گذارش کرتے ہیںکہ وہ مظلومین و محصورین غزہ کی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے محاصرے کے خلاف اس قرار داد کو منظور کرنے
میں اپنا کردار ادا کریں اور حکومت پاکستان کو عملی اقدامات کی تشویق دلوائیں۔
ان کاکہنا تھا کہ غزہ کا معاشی،سیاسی،سماجی ،ثقافتی محاصرہ ختم کروانے کے لئے ہر ممکنہ اقدام کرنے سے گریز نہ کیا جائے،رہنماؤں کاکہنا تھا کہ ”یہ ایک دیرینہ مطالبہ ہے کہ بین الاقوامی برادری میدان میں آئے اور اسرائیل کو غزہ کے محاصرے کو ختم کرنے کے لئے مجبور کرے ”
رہنماؤںن ے گذشتہ دنوںصیہونی جیلوں سے فلسطینی اسیروں کی رہائی کو خوش آئیند قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اسیروں کو رہائی کے بعد ان کے گھروں میں قاپس آنے دیا جائے کیونکہ صیہونی غاصب حکومت نے رہا کئے جانے والے اسیروں کو ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں بھیج دیا ہے جس کا مطلب ایک قید کے بعد دوسری قید ہے۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ امریکہ انسانی حقوق کا علمبراد بنا پھرتا ہے لیکن جب بات فلسطین کے مظلوم انسانوں کی ہو تو امریکہ اور عالمی استعماری طاقتوں کی آنکھیں،زبان،کان بند ہو جاتے ہیںان کاکہنا تھا کہ صیہونی جیلوں میں فلسطینی اسیروں پر کس قدر مظالم ڈھائے جاتے ہیںاس کی کوئی مثال نہیں ملتی لیکن پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پوری دنیا بشمول حکومت پاکستان غزہ کے حوالے سے اشیائے خورد و نوش ،صحت اور صنعت /کاروبار سے متعلق اشیاء کی درآمد پر صیہونی پابندی ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرے،غزہ کی سمندری حدود پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا غاصبانہ تسلط ختم کروایا جائے،غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ غزہ کی سرحد پر بفرزون کو کھولا جائے،غزہ میں آنے جانے کی آزادانہ اجازت کو یقینی بنایا جائے اور اگلے انتخابات میں فلسطینیوں کے جمہوری حق کو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق تسلیم کیا جائے۔
رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ١٠ جنوری سنہ ٢٠١٢ء کو اسلام آباد میں غزہ پر صیہونی جارحیت کے چار سال مکمل ہونے پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسلامی تحریک مزاحمت حماس کو اسرائیل کے خلاف عظیم الشان مزاحمت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے سیمینار کا انعقاد کرے گی جس میں عوامی نیشنل پارٹی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما حاجی محمد عدیل خان،سابق سر برا ہ آئی ایس آئی جنرل (ر) حمید گل ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری ،جماعت اسلامی آزادکشمیر کے مرکزی ناظم مولانا عبد الرشید ترابی اور خبیب فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئر مین ندیم احمد خان سمیت تحریک اسلام کے سربراہ علامہ حیدر علو ی اور اقلیتوں کے رہنما جے سالک کو مدعو کیاجائے گا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے زرائع ابلاغ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی پر مبنی خصوصی نشریات کا اہتمام کریں اور غزہ کی ٢٢ روزہ جنگ سے متعلق خصوصی پروگرام ترتیب دیں جبکہ غزہ میں صیہونی غاصبانہ محاصرے کے بارے مین پاکستان کے عوام کو آگاہ کریں۔