مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں نے اپنے مذہبی دن”عیدالانوار” کے موقع پر فلسطین بھر کے غاصب اور شر پسند یہودیوں کو مسجد اقصیٰ پر حملے کی دعوت دی ہے،
جس کے بعد بیت المقدس میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ یہودیوں کی اس عید کی تقریبات آئندہ پورا ہفتہ جاری رہیں گی۔ ان تقریبات کے دوران قابض یہودیوں کی انتہا پسند تنظیموں نے زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو قبلہ اول میں جمع ہونے اور مسجد مذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے لیے اپنی سازشوں کو آگے بڑھانے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصی پر حملے کی دعوت کے جلو میں صہیونی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور فوج کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ اور قدیم شہر میں نفری بڑھا دی ہے۔
یہودی آباد کاروں کی جانب سے شہر بالخصوص مسجد اقصیٰ کے گرد و پیش میں عبرانی زبان میں چاکنگ کی گئی ہے جس میں یہودیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ "الحانوکا” نامی عید کے موقع پر ہیکل سلیمانی کی صفائی کے لیے مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں۔
خیال رہے کہ یہودیوں نے”عیدالانوار” کی آمد سے ایک ہفتہ قبل ہی سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر ایک مُہم شروع کی تھی۔ اس مہم کے دوران یہودی آبادکاروں نے یہودیوں سے اپیل کی تھی وہ دسمبر کے آخری ہفتے میں جاری رہنے والی عید کی تقریبات میں اپنے اہل خانہ سمیت شرکت کریں۔ عیدالانوار کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں آنے والے یہودیوں کے لیے کھانے اور دیگر لوازمات کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔