فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو علی الصباح ہی سے اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ کو ملانے والے تمام راستوں اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی داخلی دروازوں کے باہر مسلح گشت شروع کردیا تھا۔ جگہ جگہ ناکے لگا کر فلسطینی نمازیوں کی شناخت پریڈ کی مذموم کوشش کی گئی تاہم اس کے باوجود ہزاروں فلسطینی قبلہ اوّل میں نماز جمعہ سے قبل پہنچنے میں کامیاب رہے۔
نماز جمعہ کی امامت ممتاز عالم الشیخ عکرمہ صبری نے کرائی۔ جمعہ کے خطبہ میں انہوں نے مسجد اقصیٰ کے قریب اسرائیل کے ریل کار منصوبے کو القدس کی عرب اور مسلم شناخت مٹانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا۔ انہوں نے اسرائیلی بلدیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریل کار منصوبہ منسوخ کرے۔
الشیخ عکرمہ صبری نے صہیونی ریاست کی طرف سے بیت المقدس کے فلسطینی اسکولوں پر صہیونی نصاب تعلیم مسلط کرنے کی سازشوں کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلباء پر صہیونی نصاب تعلیم مسلط کرنا فلسطینی قوم کو بگاڑنے کی مذموم سازش ہے۔
