مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے پبلک پراسیکیوٹر جنرل ’چائی نیٹزن‘ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے کیسز کی تحقیقات جلد از جلد نمٹانے کے لیے تفتیشی عملے میں اضافہ کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون وکیل ’لیئات بن اری چفیکی‘ کو بھی نیتن یاھو سے تفتیش کے لیے جاری عمل کا حصہ بناتے ہوئے تفتیشی عملے میں شامل کیا ہے۔اری چفیکی پراسیکیوٹر جنرل کے شعبہ ٹیکس واکنامک کی چیئرپرسن ہیں۔ وہ ماضی میں سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ کے خلاف شروع کیے گئے’ہولی لینڈ‘ مقدمے میں بھی کام کرچکی ہیں۔اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاھو سے تفتیش کرنے والے وکلاء میں چفیکی اور القدس بریگیڈ کے مندوبین شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس اس وقت وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے خلاف میڈیا میں مشہور’کیس1000‘ اور کیس 2000 کی تحقیقات کررہی ہے۔ پہلے کیس میں ان پر بیرون ملک سے رشوت وصول کرنے جب کہ دوسرے میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے سمیت متعدد الزامات عاید کیے گئے ہیں۔