(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک عدالت نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی شہریوں پر مقبوضہ فلسطین کے ایک بڑے ہوٹل پرحملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ملٹری پراسیکیوٹر جنرل نے بیت المقدس کے دو شہریوں پر فرد جرم عائد کیے جانے کی خبرمیڈیا کو جاری کرنے کی اجازت ے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینیوں خلیل النمری اور اشرف سلائمہ پرالزام ہے کہ انہوں نے ساحلی شہر ایلات کے ایک ہوٹل میں فدائی حملے میں ہوٹل کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم پولیس نے انہیں وقت سےپہلے ہی حراست میں لے لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بئر سبع کی ایک عدالت نے دونوں فلسطینیوں خلیل النمری اور اشرف سلائمہ کے خلاف دو الگ الگ مقدمات میں فرد جرم عائد کی ہے۔
اسرائیلی پراسیکیوٹرجنرل کا کہنا ہے کہ دوران حراست ایک فلسطینی نے بتایا کہ اس نے انٹرنیٹ سے بم تیار کرنے کی تربیت حاصل کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فلسطینی اس ہوٹل میں ملازمت کرتے تھے۔ تاہم پولیس کو ان پرشبہ ہوا۔ انہیں حراست میں لیا گیا۔ دوران تفتیش انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ہوٹل پرحملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔