استنبول – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کے حقوق کی حمایت کے لیے ’یوم اسیران‘ Â کی مناسبت سے نہ صرف فلسطین میں مختلف سرگرمیاں جاری ہیں بلکہ دوسرے ملکوں میں بھی فلسطینی قیدیوں کی حمایت کے لیے تقریبات کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ترکی فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی میں پیش پیش ہے۔ گذشتہ روز ترکی کی کئی سماجی اور انسانی حقوق کی پرچارک تنظیموں نے متفقہ طور پرفلسطینی اسیران سے اظہار یکجہتی کی مہمات کا اعلان کیا۔استنبول میں بین الاقوامی یکجہتی مہم‘سالی ڈیریٹی‘ ، مظلوم در فاؤنڈیشن، ترکی۔ فلسطین فرینڈ شپ آرگنائزیشن ’فیدار‘ نے کل 17 اپریل کو فلسطینی یوم اسیران کے موقع پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اسیران سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریبات کا اعلان کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ’مظلوم در‘ فاؤںڈیشن کے چیئرمین رمضان بیھان نے کہا کہ ترکی میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی مختلف تنظیموں نے رواں ماہ اپریل کے بقیہ ایام میں فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مہمات پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں ترکی کے بڑے شہروں میں فلسطینی قیدیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے جلسے جلوس، پریس کانفرنسیں، سیمینار اور آگاہی مہمات چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسیران کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے عالم گیر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ ترکی کی انسانی حقوق سے متعلق تنظیمیں فلسطینی قیدیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گی۔
رمضان بیھان کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطینی اسیران کے حقوق پامال کرکے بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ فلسطینیوں کےبنیادی حقوق سلب کرکے صہیونی ریاست بین الاقوامی اخلاقیات اور معاہدوں کی بھی خلاف ورزی کررہی ہے۔
خیال رہے کہ کل سترہ اپریل کو فلسطین بھر میں ’یوم اسیران‘ کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ اسرائیلی جیلوں میں قید ڈیڑھ ہزار فلسطینیوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔