غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے گذشتہ روز مصر کے شہروں اسکندریہ اور طنطا میں قبطی عیسائیوں کے دو گرجا گھروں میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برادر ملک مصرمیں دو گرجا گھروں میں بم دھماکے اور خود کش حملے بدترین دہشت گردی ہے۔ ان حملوں میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا۔ حماس ان مجرمانہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مصری حکومت اور قوم کے ساتھ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد مصر کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ گرجا گھروں میں دھماکے انسانیت اور اسلام دشمنی کے ساتھ ساتھ مصرکی قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کی مجرمانہ سازش ہیں۔ حماس مشکل کی گھڑی میں مصری قوم کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ کل اتوار کو مصرکے شہر اسکندریہ اور طنطا میں دو گرجا گھروں میں ہونے والے دو بم دھمکاکوں کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔