غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی وزارت خارجہ نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےعسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک سینیر کمانڈر احمد الغندور کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ دوسری جانب حماس نے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خود دہشت گردوں کا سب سے بڑا پشتیبان ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ کے شمالی غزہ میں تنظیم کے انچارج احمد الغندور المعروف ابو انس کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القسام کمانڈر الغندور کو ایگزیکٹو آرڈر کی شق 1بی کے تحت دہشت گرد قرار دینے کے بعد اسے عالمی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الغندور امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور امریکی شہریوں کے جان ومال کے لیے بھی انتہائی نقصادن دہ ہوسکتا ہے۔
اس فیصلے کے بعد امریکا میں موجود کوئی شخص الغندور کے ساتھ کسی قسم کے لین دین یا تعاون کا مجاز نہیں ہوگا۔ الغدور کے ساتھ تعاون کرنے والے شخص کو دہشت گردی کا سہولت کار قرار دے کر اس کے خالف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔