غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے ایک دیرینہ رکن کو مسلسل 11 سال تک جیل میں قید رکھنے کے بعد رہا کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 43 سالہ رزق احمد محمد شعبان کی رہائی گذشتہ روز عمل میں لائی گئی جہاں وہ رہائی کے بعد شمالی گزہ میں جبالیا میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔بیت حانون گذرگاہ پر القسام کمانڈر کے استقبال کے لیے شعبان کے عزیزو اقارب اور دوست احباب کی بڑی تعداد جمع تھی۔ جہاں سے ایک قافلے کی شکل میں انہیں جبالیا لایا ہے۔ ان کے گھر پربھی فلسطینیوں کی بڑی تعداد رہائی کی مبارک باد دینے جمع ہوگئی۔
خیال رہے کہ احمد شعبان کو اسرائیلی فوج نے 13 اپریل 2006ء کو حراست میں لیا۔ اس پر حماس سے تعلق اور مزاحمتی سرگرمیوں کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور گیارہ سال قید کی سزا سنائی تھی۔
رہائی پانے والے فلسطینی مزاحمت کار رزق شعبان کو اسرائیلی فوج ماضی میں بھی متعدد بار گرفتار کرکے زندانوں میں قید کرتی رہی ہے۔